ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مینگلور کے قریب اُلّال میں پیش آیا المناک حادثہ - کمپاونڈ کی دیوار گھر پر گرنے سے چار افراد جاں بحق

مینگلور کے قریب اُلّال میں پیش آیا المناک حادثہ - کمپاونڈ کی دیوار گھر پر گرنے سے چار افراد جاں بحق

Wed, 26 Jun 2024 12:18:40    S.O. News Service

منگلورو،  26 / جون (ایس او نیوز)  اُلال تعلقہ کے مونور گاوں میں واقع مدنی نگر میں آج صبح ایک المناک حادثہ پیش آیا جس میں پڑوسی کے کمپاونڈ کی دیوار گھر پر گرنے سے ایک ہی گھرانے کے چار افراد ملبے میں دب کر فوت ہوگئے ۔
    
حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت یاسر کاٹی پلّا(45 )، یاسر کی بیوی مریمّا (40 )، بیٹی ریفانہ (17 )، ریحانہ (11 ) کے طور پر کی گئی ہے ۔ 
    
 ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق یاسر اور اس کے گھر والے رات کھانا کھانے کے بعد سو گئے تھے ۔ کل رات بھر ہوئی تیز بارش کے نتیجے میں آج صبح کی اولین ساعتوں میں یاسر کے پڑوسی ابوبکر کے کمپاونڈ کی دیوار اور سپاری کے دو درخت یاسر کے گھر پر گر گئے ۔ جس کے نتیجے میں گہری نیند سو رہے یاسر، اس کی بیوی اور دو بیٹیوں پر گھر اور دیوار کا ملبہ آ گرا اور وہ چاروں ملبے کے اندر دب کر  ہمیشہ کی نیند سو گئے ۔
    
مقامی افراد اور فائر بریگیڈ عملے کو ملبے سے  لاشیں نکالنے کے لئے تین گھنٹے تک مشقت کرنی پڑی ۔ یاسر کی ایک بیٹی اسکول اور دوسری کالج میں زیر تعلیم تھی جبکہ اس کی تیسری بیٹی راشینہ کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ اس کی شادی کیرالہ کے ایک شخص سے ہوئی ہے ۔ وہ بھی عید منانے کے لئے مائیکے آئی ہوئی تھی اور کل ہی  اپنے سسرال واپس چلی گئی تھی ۔ 
    
بتایا جاتا ہے کہ بندر پر مزدوری کرنے والے یاسر نے چھ  سال قبل یہ مکان خریدا تھا اور اسے کرایے پر اٹھا رکھا تھا ۔ ابھی چھ مہینے قبل ہی اس نے کرایہ داروں سے مکان کو خالی کروانے کے بعد اپنے اہل خانہ کے ساتھ اس گھر میں رہنا شروع کیا تھا ۔ 
    
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ دو سال قبل بھی اسی طرح کمپاونڈ کی دیوار گرنے کا واقعہ پیش آیا تھا لیکن خوش قسمتی سے اس وقت کسی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا تھا ۔ 


Share: